امریکہ میں کورونا وائرس سے ایک ہی دن میں مزید 1800 سے زائد افراد ہلاک

امریکہ میں کورونا وائرس سے ایک ہی دن میں مزید 1800 سے زائد افراد ہلاک
مہلک کورونا وائرس کے ہزاروں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 14 لاکھ کے قریب پہنچ گئی
واشنگٹن (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 مئی 2020ء) امریکہ میں کورونا وائرس سے ایک ہی دن میں مزید 1800 سے زائد افراد ہلاک۔ مہلک کورونا وائرس کے ہزاروں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 14 لاکھ کے قریب پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کی شدت میں پھر سے اضافہ ہو گیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1800 سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
خبر ایجنسی نے جان ہاپکنز یونیورسٹی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1813 افراد مہلک کورونا وائرس کی وجہ سے لقمہ اجل بنے ہیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 84 ہزار 59 کی سطح کو پہنچ گئی ہے۔ خبر ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے ہزاروں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد مجموعی طور پر 13 لاکھ89 ہزار 935 تک جا پہنچی ہ

ے)


کورونا سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے عالمی میٹر کے مطابق اب تک امریکہ میں کورونا کے 3 لاکھ 10 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں جبکہ متاثرین میں 16 ہزار سے زائد افراد کی حالت اس وقت نازک ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ میں کورونا کے باعث ہونے والی مسلسل ہلاکتوں کے پیش نظر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے متعدی امراض سے بچاؤ ڈاکٹر اینتھنی فائوچی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ملک کو بہت جلدی کھول دیا گیا تو اس کے خطرناک نتائج مرتب ہوں گے۔
انہوں نے ریپبلیکنز کی سینیٹ کمیٹی کے ساتھ ویڈیو کال میں کہا کہ حقیقت میں امریکہ میں کورونا وائرس سے اموات حکومتی اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہیں۔ انہوں نے وائٹ ہاؤس کے اوپننگ اپ امریکہ اگین منصوبے کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت کی ملک کو دوبارہ کھولنے کی ہدایات پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو کورونا وائرس کے وباء بننے کا بہت کم امکان ہو گا لیکن ملک کو دوبارہ بہت جلدی کھول دیا گیا تو یہ وائرس دوبارہ پھیل سکتا ہے اور پھر عہدیداران صورت حال کو کنٹرول نہیں کر سکیں گے، نیز یہ وباء معاشی بحالی میں رکاوٹ اور متاثرہ کیسز اور اموات میں کمی نہیں بلکہ اضافے کا باعث ہو گی۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے بھی کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک حقائق سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ اس وائرس سے کبھی چھٹکارا حاصل نہ کیا جا سکے۔ ڈبلیو ایچ او کے ایمرجنسیز کے ڈائریکٹر مائیک رائن نے جنیوا سے ورچوئل پریس کانفرنس میں کورونا سے متعلق بتایا ہے کہ ہو سکتا ہے یہ وائرس ہمارے معاشرے میں ایک اینڈیمک بن جائے اور ہمیشہ موجود رہے۔
 
 

ان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی فرد وثوق سے نہیں کہہ سکتا کہ اس وائرس کا خاتمہ کب تک ممکن ہے، انہوں نے دوٹوک الفاظ میں بتایا کہ اس وباء کے خاتمے کے لیے کوئی عہد نہیں کیا جا سکتا نہ ہی کوئی وقت بتایا جا سکتا ہے۔ مائیک رائن کے مطابق کورونا وائرس بھی ایچ آئی وی کی طرح اینڈیمک بن سکتا ہے، انہوں نے بتایا کہ ایچ آئی وی ختم نہیں ہوا ہے مگر ہم نے اس وائرس کا مقابلہ کرنا سیکھ لیا ہے، ہو سکتا ہے ایچ آئی وی کی طرح کورونا بھی کبھی ختم نہ ہو۔ انہوں نے اس حقیقت سے بھی آگاہ کیا کہ اگر کورونا کی ویکسین تیار نہیں ہوتی تو لوگوں میں اس وائرس کے خلاف قوتِ مدافعت درکار سطح تک آنے میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔


Comments :

Post a Comment

If you have any doubt let us know

Interested to get more of our Update !